بھارتی مظالم کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں کر سکتے، الطاف بٹ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے جمعہ کے روز بھی محاصرہ و تلاشی آپریشن جاری رکھا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سمیت دیگر روزہ مرہ امور میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سینئر حریت رہنما الطاف بٹ کا کہنا ہے کہ  مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کی جانب سے حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں اور نظربندیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کو گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے۔ غیرقانونی حراست کے دوران تشدد کر کے کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ عالمی برادری معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا نوٹس لے۔

الطاف بٹ کا کہنا ہے کہ بھارت کے جبرو ستم غیور کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کم نہیں کر سکتے، بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے مظالم تحریک آزادی کو مزید متحرک کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کو طاقت کے ذریعے خاموش کرانے کی بھارت کی ہر سازش بے نقاب ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا نوٹس لیں۔

Comments are closed.