امریکا افغانستان سے انخلانہیں امن کیلئے معاہدہ کررہا ہے، زلمے خلیل زاد

واشنگٹن: امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے افغان مصالحتی عمل زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان سے انخلا کے لیے نہیں بلکہ امن کے لیے معاہدہ کررہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد برائے پاکستان و افغانستان نے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا کا نہیں بلکہ امن کا معاہدہ کر رہے ہی اور طالبان سے مذاکرات بالکل ابتدائی مرحلے میں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کیا اور پاکستان کا یہ مثبت کردار قابل تعریف ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔

خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکا افغانستان سے جنگ کے خاتمے کیلیے کوشاں ہیں اور افغانستان سے نکلنے کا نہیں، امن کا معاہدہ کررہا ہے کیوں کہ طالبان سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں فوج رہنے سے امن نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا افغان حکومت اورطالبان میں مذاکرات چاہتا ہے لہٰذا افغان سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ طالبان سے پرامن انتخابات کیلیے معاہدہ طے پا جائے گا اور امید ہے کہ جولائی سے قبل امن معاہدہ طے ہوجائے گا تاہم اگر معاہدے پر پیشرفت نہ بھی ہوئی توافغان الیکشن بروقت ہوں گے کیوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ طالبان بھی افغان انتخابات میں حصہ لیں۔

Comments are closed.