اثاثہ جات کیس میں آصف زرداری کی بریت کیخلاف اپیل ری اوپن

راولپنڈی: قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی اثاثہ جات کیس میں بریت کے خلاف اپیل ری اوپن کرا دی ہے۔

آصف علی زرداری کےخلاف نیب نے شکنجہ سخت کر دیا ہے، نیب راولپنڈی نے سابق صدر کے خلاف اثاثہ جات کیس میں بریت کے خلاف اپیل ری اوپن کرا دی۔ آصف زرداری کی بریت کیخلاف درخواست کی جلد سماعت کے لئے دائر اپیل میں موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری کے خلاف ریفرنس مضبوط ہے اور اس میں مزید شواہد بھی مل چکے لہذا سابق صدر کی بریت ختم کرکے ملزم کو گرفتار کر کے کڑی سزا اور نااہل قرار دیا جائے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس قاسم خان نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے اپیل 6 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کردی جب کہ ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو نوٹس کرتے ہوئے ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری  کو غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کیس میں بری کردیا تھا۔

Comments are closed.