بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے کی وجہ، فواد خان نے خاموشی توڑ دی

لاہور: گزشتہ روز  فواد خان کے خلاف بچوں کو پولیو کے قطرے نا پلانے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جب کہ پاکستان میں پولیو مہم کے فوکل پرسن بابر عطا نے سوشل میڈیا پر فواد خان کی اہلیہ صدف کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا ’’مسزفواد خان اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک کا ہر بچہ پولیو سے محفوظ رہے۔

تاہم اب اس حوالے سے فواد خان کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جس وقت پولیوٹیم ان کے گھر آئی اس وقت فواد خان اور ان کی اہلیہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ فواد خان ان دنوں پاکستان میں موجود نہیں ہیں وہ 13 فروری کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیےدبئی گئے تھے اور اس وقت وہ امریکا میں ہیں۔ انہیں ایف آئی آر سے متعلق میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے۔

فواد خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ملک میں جاری پولیو مہم کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس کے علاوہ وہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ہدایات سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ میری بیٹی کو حفاظتی ٹیکے وقت پر لگائے جاتے ہیں اور اس کا ریکارڈ بھی موجود ہے

واضح رہے کہ لاہور کے فیصل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پولیو رضاکاروں کے ساتھ تعاون نا کرنے پر فوادخان سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیاتھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اداکار کی جانب سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا گیا تھا اور سرکاری کام میں مداخلت کرنے پر فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

Comments are closed.