پی سی بی کا آئی سی سی سے بھارتی ٹیم کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

کراچی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف کی جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ بھارت کے معاملہ پر آئی سی سی سے بات کی ہے۔ بی سی سی آئی کی حرکات پر آئی سی سی کو ایک خط لکھا، اور دوسرا لکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو ہماری پوزیشن معلوم ہے، بھارت کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت نے 2 بار کرکٹ کو سیاست کا شکار بنایا جس سے اس کی پوزیشن خراب ہوئی۔ماضی میں عمران طاہر اور معین علی کے خلاف بھی کارروائی کی گئی لہذا بھارت کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے متعلق سوال پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں سیکیورٹی ماہرین کو بلانے کا مقصد یہاں کی سیکیورٹی پر بریف کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ہر طرف سے مثبت جواب ملا ہے۔

خیال رہے کہ 8 مارچ کو بھارتی ٹیم نے رانچی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلا تھا لیکن اس میچ میں اسے منہ کی کھانی پڑی تھی۔

Comments are closed.