علاقائی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا جلد حل ناگزیر ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد جموں وکشمیر کے پارلیمانی رہنماؤں کے 14 رکنی وفد نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجودہ ابترصورتحال سے متعلق تبادلہ خیال  کیا گیا۔

پارلیمانی رہنماؤں نے پاک بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی طرف سے مسلسل بلااشتعال فائرنگ پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں جلد کیا جانا انتہائی ناگزیر ہے۔ پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شرح میں اضافہ قابل مذمت ہے۔

جموں و کشمیر کے پارلیمانی رہنماؤں نے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.