نیب کی مہتاب عباسی کیخلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا۔مشتبہ رقوم کی منتقلی پر اسپیکر آغا سراج درانی، مئیر کراچی وسیم اختر اور سابق وفاقی وزیر لیا قت جتوئی کے خلاف نئی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔سابق مشیر ہوا بازی مہتاب عباسی، سابق وزیر صحت گلگت بلتستان اور سابق چیئرمین سی ڈی اے خلاف بھی ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

 نیب اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹیو بورڈ نے تین ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی۔ پہلا ریفرنس سابق چیئرمین سی ڈی اےکامران قریشی اور دیگر کے خلاف دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پر اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں پلاٹ کی غیر قانونی بحالی کا الزام ہے۔ دوسرا ریفرنس سابق مشیر ہوا بازی مہتاب عباسی ،سابق چیئرمین پی آئی اےمشرف رسول اور و دیگر کیخلاف دائر کیا جائے گا۔ملزمان پر خلاف قواعد چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کا الزام ہے۔

تیسرا ریفرنس سابق وزیرصحت گلگت بلتستان حاجی گلبارخان اور سابق کنزرویٹر جنگلات گلگت محمد زمرد خان و دیگر کیخلاف دائر کیا جائے گا۔ملزمان پر خلاف قانون جنگلات کی کٹائی اور نقل حمل کے پاسز جاری کرنے کا الزام ہے۔ چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہاہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ،میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

Comments are closed.