ہلال امتیاز ایوارڈ ملنے کا کبھی سوچا ہی نہیں تھا، ریما خان

لاہور: فن و ثقافت کیلئے خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز کا ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم اسٹار ریما خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی اس اعزاز کے حاصل ہونے کا سوچا بھی نہیں تھا۔

فلم انڈسٹری کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے پر ریما خان کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پر جہاں دنیا بھر سے ان کے چاہنے والوں کی طرف سے نیک تمناؤں کے پیغام مل رہے ہیں وہیں ساتھی فنکار شان، ماہرہ خان، افضل خان ریمبو، صاحبہ، ہمایوں سعید، انجمن ، مدیحہ شاہ اور سنگیتا سمیت دیگر نے فلمسٹار کو مبارکباد دی ہے۔  ساتھی فنکاروں کے مطابق بہت کم فنکار ایسے ہوتے ہیں جو ثابت قدمی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کرتے ہیں۔

اداکارہ ریما نے کہا کہ انہوں نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ انہیں یہ ایوارڈ ملے گا۔ مگر اس کو پانے کے بعد جو خوشی محسوس کر رہی ہیں اس کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔ یہ اللہ تعالیٰ کی خاص کرم نوازی سے ہی ممکن ہوا ہے

ان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے پرستاروں اور ساتھی فنکاروں کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جس پر دل کی گہرائیوں سے سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ کیونکہ لوگوں کے پیار اور اعلیٰ سول ایوارڈ ملنے کے بعد میرے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے۔

ریما خان نے اداکاری ، رقص، ماڈلنگ، میزبانی اور ڈائریکشن کے ساتھ فلمسازی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس پر پوری فلم انڈسٹری کو ان پر فخر ہے۔

Comments are closed.