ایل او سی پر اشتعال انگیزی،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں7 بھارتی فوجی ہلاک

راولپنڈی: جنگی خبط میں مبتلا بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ دشمن کی شر انگیزی کے جواب میں موثر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان نے 7 بھارتی فوجیوں کو ہلاک  کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر کھوٹہ رٹہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی فائرنگ سے اٹھارہ سالہ نوجوان جبکہ تین خواتین زخمی ہو گئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر گزشتہ 3 روز کے دوران بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور فائرنگ کا سلسلہ بڑھ گیا ہے تاہم پاک فوج بھارتی جارجیت کا بھرپور اور موثر جواب دے رہی ہے۔ پاک فوج نے بھارت کی اشتعال انگیزی اور جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 7 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا، جب کہ 19 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے اور متعدد پوسٹوں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے تینوں فوجیوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھ چکری میں راولا کوٹ سیکٹر پر بھارتی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان صوبیدار محمد ریاض، لانس حوالدار عزیز اللہ اور سپاہی منصب شہید ہوگئے تھے۔

Comments are closed.