پاکستانی پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی آج 54 ویں سالگرہ

کراچی: پاکستان میں پاپ موسیقی کو نیا انداز دینے والی گلوکارہ نازیہ حسن کی آج 54 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ نازیہ حسن اور ان کے بھائی زوہیب حسن کو پاکستان میں پاپ موسیقی کا بانی کہا جاتاہے۔ نازیہ نے مشرقی اور مغربی موسیقی کے امتزاج سے ایسے گیت پیش کیے جو برسوں گزر جانے کے بعد بھی بے حد مقبول ہیں۔

اسی کی دہائی میں بھارتی فلم ’’قربانی‘‘ کے لیے گائے گیت’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘‘نے نازیہ حسن پرشہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ جب کہ انہیں اس گیت کے لیے بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈ فلم فیئر سے نوازا گیا اور وہ یہ ایوارڈ پانے والی پہلی پاکستانی بنیں۔

نازیہ حسن نے’’ڈِسکو دیوانے‘‘ کے نام سے اپنے گیتوں کا ایک یادگار البم ریلیز کیا۔ اس کے بعد’’بُوم بُوم‘‘ ، ’’ینگ ترنگ‘‘،’’ہاٹ لائن‘‘ اور’’کیمرا کیمرا‘‘ کے نام سے البم ریلیز کیے۔

پاپ گلوکارہ کو ان کی فنی خدمات پرصدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا جب کہ انہیں بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر ایوارڈ اور 15 گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

اپنی آواز سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی نازیہ حسن پھیپڑوں کے سرطان کے موذی مرض میں مبتلا ہوکر 35 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملیں۔ تاہم ان کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Comments are closed.