قائمہ کمیٹی خارجہ امور میں بی جے پی، مودی مخالف قرارداد منظور

اسلام آباد: سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیر مخالف منشور کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں قرارداد سینیٹر رحمان ملک نے پیش کی،  جسے متفقہ طور پر منظور کر لی گیا۔ چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور مشاہد حسین سید نے قرارداد پڑھ کر بھی سنائی۔ قرارداد کے مطابق کمیٹی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے وعدے  والے بی جے پی کےمنشور کی مذمت کرتی ہے، بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا آرٹیکل 370 اور35 اے کے خاتمہ کا اعلان قابل مذمت ہے۔

کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہوگی، بھارتی وزیراعظم مودی کشمیرمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیاں کرتا آرہا ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں نمائندہ خصوصی کے ذریعے سلامتی کونسل میں احتجاج ریکارڈ کراے،جبکہ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو بلا کر نریندرا مودی کے اعلان پر بھارت سے احتجاج کیا جائے۔

Comments are closed.