مہنگائی کے سونامی کا خدشہ۔۔گیس قیمتیں 80 فیصد بڑھنے کا امکان

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا سونامی آنے کو تیار ہے، چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل نے گیس کی قیمتوں میں 80 فیصد تک اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اوگرا نے گیس کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سماعت مکمل کرلی قیمت میں اضافے کی صورت میں صارفین کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔

چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے قیمتیں 80 فیصد تک بڑھائی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 سال سے گیس کی قیمتیں نہیں بڑھ سکیں جس کی وجہ سے قیمت خرید اور فروخت میں فرق بڑھ گیا ہے۔

سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کی جانب سے گیس کی قیمت بڑھانے کے حوالے سے اوگرانے پشاور اور لاہور میں سماعت مکمل کرلی ہے سوئی نادرن نے گیس کی قیمت میں 722روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہوئی ہے کمپنی کی جانب سے گیس کی قیمت501روپے سے بڑھا کر 1223.70 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ٹیرف میں اضافے کی درخواست مالی سال2019۔20 کیلئے دی گئی ہے اور اضافہ یکم جولائی 2019 سے کیا جائےگا اوگرا سوئی سدرن کی جانب سے قیمت میں 106 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست پر سماعت پہلے ہی مکمل کرچکاہے اوگرا کی جانب سے گیس کمپنیوں کے لیے قیمت میں اضافے کی صورت میں  گیس صارفین کے لئے نئی قیمت کا اعلان کیا جائےگا۔

Comments are closed.