ابوظہبی میں آتشزدگی سے 6 پاکستانی جاں بحق

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی میتیں واپس لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے چار کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں آتشزدگی کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت چھ پاکستانی جاں بحق ہو گئے جن کی میتیں پاکستان لانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بارہ اپریل کو ابوظہبی میں ، ایک گھر کے کمرے میں آگ لگی اور پھیلتی چلی گئی۔ آتشزدگی سےمحمد فاروق،عمرفاروق،خرم فاروق، خیال افضل، عید نوازخان اور علی حیدر لا ل بہادر جاں بحق ہوگئے ، پچاس سالہ محمود رحیم معجزانہ طور پر بچ گئے۔

ترجمان کےمطابق پاکستانی قونصلیٹ ڈیٹھ سرٹیفیکیٹ اور سفری دستاویزات کی تیاری میں تعاون کر رہا ہے ، میتیں پاکستان لانےکیلئے پی آئی اے حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے ، پاکستان مشن نے جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا، افسوسناک واقعہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور زخمی کی عیادت کی۔

Comments are closed.