پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں اسے لایا گیا ہے، سید خورشید شاہ

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک سیاسی جماعت نہیں،اس میں  دیگر جماعتوں کے سابق اراکین شامل ہیں۔  ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی کمزوری حکومت کی ناکامی ہے، اور اس سے عوام کا نقصان ہوتا ہے۔ جوحکومتیں معیشت کی وجہ سے ختم ہوتی ہیں وہاں انارکی کا خطرہ ہوتا ہے۔

سکھرمیں رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کی ناکامیاں نظر آ رہی تھیں، تبدیلی ہونا تھی، پہلے ہی کہا تھا معاشی حالات خراب ہیں، جنہیں مل کر حل کرنا ہوگا جب کہ تمام ملکی معاملات میں حکومت کے ساتھ کام کرنے کی بات بھی کی تھی۔ حکومت دیرسے آئی ایم ایف کے پاس گئی۔ معیشت کی ناکامی سےعوام کا نقصان ہوتا ہے جب کہ معیشت کی کمزوری حکومت کی ناکامی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ایسے معاملات پر اپوزیشن سیاست نہیں کرے گی، ہم نے اپنے دورمیں مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دیا، پی ٹی آئی میں تمام سیاسی جماعتوں کے سابق ارکان ملیں گے جب کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ہے اسے لایا گیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ جوحکومتیں معیشت کی وجہ سے ختم ہوتی ہیں وہاں انارکی کا خطرہ ہوتا ہے، عمران خان آج پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کریں، تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ اگر تبدیلی ہو بھی تو ان ہاؤس ہونی چاہیے، آپس کی لڑائی ملک کے اندر لڑی جائے کیونکہ باہر لڑنے سے رسوائی ہوتی ہے۔

Comments are closed.