مایہ ناز پاکستانی گلوکار احمد رُشدی کی 85 ویں سالگرہ

کراچی: لالی وڈ کے مایہ ناز اور مقبول گلوکار احمد رشدی کی آج 85  ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی مداحوں کی زبانوں پر ہیں۔

احمد رشدی ایک ایسے گلوکار ہیں جن کے ذکر کے بغیر لالی وڈ  کی تاریخ ادھوری ہے۔ 24 اپریل 1934 کوحیدر آباد دکن میں پیدائش ہوئی۔ وہیں موسیقی اور گلوکاری کی بنیادی تعلیم حاصل کی۔ 1954 میں پاکستان منتقل ہوئے۔ ریڈیو پاکستان کے لیے گایا ہوا ان کا گانا بندر روڈ سے کیماڑی بے حد مقبول ہوا جس کے بعد انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری میں گانے کا موقع ملا۔

احمد رشدی نے 50 سے لیکر اسی کی دہائی تک  پاکستانی فلموں کے لیے لا تعداد گانے گائے۔ فلم ارمان کا گانا کوکو کو رینا جسے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیا ، ان کے کیرئیرکا مشہور ترین گیت بنا۔ جو آج بھی زبان زد عام ہے۔

کئی زبانوں میں گلوکاری کرنے والے اور ہر موڈ کا گیت کمال مہارت سے گانے والے احمد رشدی  جنوبی ایشیا کے سب سے ورسٹائل گلوکار مانے جاتے تھے۔

آواز کا جادوگر کہلانے والے احمد رشدی 11 اپریل 1983 کو صرف 48 برس کی عمر میں دنیا چھوڑ گئے ۔ مگر ان کے گیت آج بھی مداحوں کے لبوں پرہیں۔

Comments are closed.