حوثی باغیوں نے سعودی پمپنگ اسٹیشن پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

صنعا: حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر 7 ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی باغیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے حملے مستقبل بھی جاری رہیں گے۔ یمن میں شروع کی گئی جنگ اب سعودی عرب تک پہنچ جائے گی۔

خبر رساں ادارے العربیہ کے مطابق یمن میں حکومتی-سعودی اتحاد کے خلاف لڑنے والے حوثی باغیوں کے ترجمان نے ایک بیان میں سعودی عرب کی بندرگاہ ينبع البحر میں تیل کے دو پمپنگ اسٹیشن پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

حوثی باغیوں کے ترجمان نے مزید کہا کہ تیل کے پمپنگ اسٹیشن پر سات ڈرون حملے کیے جس سے تیل کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ایسے حملے مستقبل بھی جاری رہیں گے۔ یمن میں شروع کی گئی جنگ اب یمن سے نکل کر سعودی عرب تک پہنچ جائے گی۔

سعودی حکام نے حوثی باغیوں کے دعویٰ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تاہم سعودی عرب کی جانب سے ان حملوں کو بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اسے خطے میں تیل کی فراہمی کو روکنے کی مذموم کوشش کہا ہے۔ سعودی عرب نے پمپنگ اسٹیشن حملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Comments are closed.