پاکستان کا بیرونی جارحیت کیخلاف سعودی عرب کیساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد: پاکستان نے کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لئے سعودی عرب اور اقوام عالم کے ساتھ تعاون کریں گے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے سعودی عرب میں آئل پمپنگ اسٹیشن پر حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور انسداد دہشت گردی کے لئے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کرے گا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی بلا تفریق مذمت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے گزشتہ روز بندرگاہ ينبع البحر میں تیل کے پمپنگ اسٹیشن کی پائپ لائن نمبر 8 اور 9 پر دہشت گردوں کی جانب سے دو ڈرون حملوں سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا تھا کہ حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

Comments are closed.