مارکیٹ سے زائد ریٹ پر ڈالر فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مارکیٹ سے زائد ریٹ پر ڈالر فروخت کرنیوالی ایکسچینج کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے طے شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کا ساتھ نہ دینے کی یقین دہانی کرا دی۔

روپے کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا، جس میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر اسٹیٹ بینک، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی آئی بی کے علاوہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے وفد نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف مجوزہ کارروائی پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کی مارکیٹ قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے جبکہ قیمت فروخت 144 روپے ہے، اسی طرح سعودی ریال کی قیمت خرید 38 روپے 20 پیسے جبکہ قیمت فروخت 38 روپے 35 پیسے ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  طے شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، ڈالر ذخیرہ کرنے اورمارکیٹ سے زائد ریٹ پر ڈالر فروخت کرنے والی ایکس چینج کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.