اداکار شان ڈالر بائیکاٹ مہم کیلئے میدان میں آ گئے

کراچی: معروف پاکستانی اداکار شان نے روپے کی بے قدری کی وجہ سے ڈالر کے بائیکاٹ کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری کرنسی ہمارا فخر ہے ہم پر جو معاشی حملے ہورہے ہیں اس جنگ میں ہمیں معاشی سپاہی بن کر اپنے روپے کا دفاع کرنا ہے۔

اداکار شان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈالر کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی روپیہ خریدا جائے خواہ چھوٹی رقم ہی کیوں نہ ہو اس سے شروعات کی جائے، مثلاً 50، 100 یا 1000 ڈالر سے شروع کرتے ہوئے اس کے بدلے پاکستانی روپے حاصل کریں اور اس موقع پر کوئی سوال نہ کریں کیونکہ یہ ایک مشترکہ مسئلہ ہے جو اب خطرہ بن چکا ہے، ہم ایک دوسرے سے عدم اتفاق کرتے ہیں تو کوئی بات نہیں لیکن اپنے مستقبل اور بقا پر ہمیں ایک ہونا چاہیے۔

شان نے یہ بھی کہا کہ ہماری کرنسی ہمارا فخر ہے ہم پر جو معاشی حملے ہورہے ہیں وہ ہماری آزادی اور زندہ رہنے کے حق کے لیے ایک چیلنج ہیں اس جنگ میں ہمیں معاشی سپاہی بن کر اپنے روپے کا دفاع کرنا ہے۔

شان نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں ڈالر واپس دیں اور پاکستانی روپے میں رقم واپس لیں خواہ اس کی تعداد تھوڑی ہی کیوں نہ ہو اس پیغام کو شیئر کرکے آگے بڑھائیں۔

Comments are closed.