ن لیگ کا چیئرمین نیب اسکینڈل پر پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے چیئرمین نیب کے معاملہ پر تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں وزیراعظم چیئرمین نیب کو بلیک میل کر رہے ہیں، کمیٹی سے بھاگنا اب ثابت کرے گا کہ پوری دال ہی کالی ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرس کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب پر شدید تحفظات ہیں پھر بھی چاہتے ہیں چیئرمین نیب کو انصاف ملے۔ مسلم لیگ ن معاملے کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق پیر کو قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرے گی۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا حکومتی کرپشن چھپانے کیلئے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا جارہا ہے ، سارے معاملے کی کڑیاں وزیر اعظم ہاؤس سے مل رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ اب یہ بھی سامنے آ جائے گا کہ نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کس کے کہنے پر ، 70 دن تک ریمانڈ پر رکھا ۔

Comments are closed.