مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی اپنی رائفل کی گولی لگنے سے ہلاک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ایک اور اہلکار اپنی سرکاری رائفل کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع گندربال کے علاقے سفاپورہ میں واقع بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات ترن کمار اپنی سرکاری رائفل کو صاف کر رہا تھا کہ غلطی سے گولی چل جانے کے باعث شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی سپاہی کو ساتھیوں نے ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سپاہی ترن کمار دم توڑ گیا۔ سپاہی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے منتقل کردی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکاروں کے خودکشی کرنے اور آپس کے جھگڑوں میں ہلاک ہونے کے واقعات عام ہیں، اور ان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے،2017 سے اب تک بھارتی فوج کے 429 اہلکار خودکشی اور آپس کے جھگڑے میں ہلاک ہوئے۔

Comments are closed.