رافیل نڈال نے 12 ویں بارفرنچ اوپن ٹرافی جیت کا عالمی ریکارڈ بنا دیا

پیرس: ہسپانوی اسٹار رافیل نڈال نے12ویں بار فرنچ اوپن ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کردی، یہ رافیل نڈال کے کیریئر کا 18واں گرینڈ سلم ٹائٹل رہا، انہوں نے مینز سنگلز کے فیصلہ کن معرکے میں آسٹرین حریف ڈومنیک تھیم کو 6-3،5-7 ،6-1 اور6-1 سے شکست دی۔

اسپینش اسٹار کسی بھی ایک گرینڈسلم ایونٹ کو 12 بار جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بنے، ان سے قبل کوئی بھی خاتون یا مرد کھلاڑی یہ اعزاز حاصل نہیں کر سکا، تھیم 2018 کی طرح اس بار بھی نڈال کے بڑھتے طوفان کو روکنے میں ناکام رہے، نڈال کو اب فیڈرر کے آل ٹائم 20 گرینڈ سلم فتوحات کا ریکارڈ برابر کرنے کیلیے مزید دو ٹرافیاں درکار ہوں گی۔

ہسپانوی کھلاڑی نے سیمی فائنل میں دیرینہ حریف راجرفیڈرر کو ٹھکانے لگایا تھا جبکہ تھیم نے ورلڈ نمبرون نووک جوکووک کو کھیل سے آؤٹ کیا، ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان رافیل نڈال نے پیرس میں اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر کرلیا، وہ یہاں مجموعی طور پر 93 میچز جیتنے میں کامیاب ہوئے اور محض دو بار انہیں رولینڈ گیروس ایونٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نڈال نے یہاں پر اس سے قبل 2005 سے 2008 تک لگاتار 4 بار چیمپئن بننے کا اعزاز پایا، اسی طرح 2010 سے 2014 تک بھی ٹرافی پر ان کا راج رہا اور اب 2017،2018 اور2019 میں وہ بھی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئے۔

Comments are closed.