سعودی عرب کےایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا حملہ، 26 افراد زخمی

ریاض: سعودی عرب کے شہر ابہا میں ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے جنوب مشرقی حصے میں واقع شہر ابہا کے ایئرپورٹ پر میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں3 خواتین اور2 بچوں سمیت 26  افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سعودی، یمنی اور بھارتی شہری شامل ہیں۔ تاہم ان کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی۔ امدادی اداروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں پر 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کی جانب سے جاری ایک بیان میں سعودی ایئرپورٹ پر حملے کی تصدیق کی گئی ہے، کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ ریاستی سرحدوں، ملکی اثاثوں اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات اٹھالیے ہیں۔

حوثی باغیوں کے ترجمان نے اپنی ویب سائٹ پر سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لکھا کہ اہم ہدف کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں سعودی عرب کو بڑے پیمانے پرنقصان کا سامنا ہوا۔

Comments are closed.