سانت خوان فیستا۔۔۔ آتش بازی کی رات

تحریر: وسیم رزاق ، بارسلونا

جس ملک میں آپ رہتے ہیں اس کے تہواروں کے بارے میں معلومات اور ان کی اہمیت سمجھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ اسپین کے دیگر تہواروں کی طرح ایک مشہور تہوار سانت خوان فیستا ہے۔ 23 جون کی رات کو منائے جانے والے اس تہوار کو آتش بازی کا تہوار کہا جاتا ہے۔ یہ رات سونے کے لیے نہیں بلکہ بھرپور انداز میں منانے کیلئے ہوتی ہے۔

بارسلونا میں میں رہائش پذیر شاید ہی کوئی شخص ہو جو اس رات کو ساحل سمندر بارسلونیتا کا رخ نہ کرتا ہو۔ کیونکہ ساحل سمندر پر سرشام میلہ لگ جاتا ہے، کہیں ڈرم بیٹس پر منچلے بدیسی ڈانس کرتے تو کہیں پاکستانی اور بھارتی شہری بھنگڑے ڈالتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس رات کو بھرپورانداز میں منانے کے بعد اگلے دن یعنی 24 جون کو عام تعطیل ہوتی ہے۔

سانت فیستا کیا ہے۔۔۔ ہسپانوی زبان میں فیستا تہوار کو کہا جاتا ہے، سانت فیستا تہوار 20 سے 24 جون تک ہوتا ہے لیکن 23 جون کو سال کی سب سے چھوٹی رات کو منایا جاتا ہے، دنیا بھر میں بسنے والے کاتالان خصوصی طورپر مناتے ہیں، ان کا مانناہے کہ اس رات سورج سب سے زیادہ بلندی سے ابھرتاہے سورج کو زرخیزی اور دولت کی نشانی سمجھاجاتاہے۔

سانت خوان فیستا میں آگ، پانی اور جڑی بوٹیوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے آگ کو پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتاہے اسی نسبت شہر بھر میں پرانی لکڑیوں اور کپڑوں کو اکٹھاکر کے آگ لگائی جاتی ہے اس کے ساتھ ہر گلی محلے اور بالخصوص ساحل سمندرپر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جاتا ہے اس رات پانی کو شفا کے لیے استعمال کیا جاتاہے بہت سارے لوگ اس رات میں بیماریوں سے نجات کیلئے سمندر کے پانی میں غسل کرتے دکھائی دیتے ہیں، اس رات کو جڑی بوٹیوں کا استعمال بھی نیک شگون مانا جاتا ہے تبھی تو ان کی فروخت بھی بڑھ جاتی ہے۔

گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی اس تہوار کا لوگ شدت سے انتظار کرنا شروع کر دیتے ہیں، اسپین  کے مقامی لوگ اس دن کی مناسبت سے خصوصی تیاری کرتے ہیں اسی تناظر میں بارسلونا میونسپل حکومت کی جانب سے شہرمیں جگہ جگہ آتش بازی کے سامان کی دوکانیں لگائی جاتی ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے مقامی لوگ گھروں میں خصوصی دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں جو گھر میں پارٹی نہ کریں وہ ہوٹلوں کا رخ کرتے ہیں۔ ساحل سمندر پر موجود ہوٹلوں پر اس رات کو بیٹھنے کے لئے اضافی ٹیبل لگائے جاتے ہیں۔ اس تہوار کا خصوصی پکوان کوکاہے جو کہ ایک میٹھے کیک کی شکل میں مختلف فلیورز میں بنایاجاتاہے۔ اس تہوارکو بچے بوڑھے جوان سبھی روایتی جوش و جذبے اور ہسپانوی انداز میں مناتے ہیں۔

اس مرتبہ بارسلوناشہر میں 50 سے زائد مختلف جگہوں پر آتش بازی کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا گیاہے  ایک سروے کے مطابق بارسلونا میں بسنے والا ہرخاندان اوسطا 40یورو آتش بازی کے سامان پر صرف کرتاہے، جب کہ 70 ہزار کے قریب لوگ صرف بارسلوناکے ساحلوں پر اس تہوار کو مناتے ہیں۔

تہوار کو منانے کے بعد 24 جون کی صبح ساڑھے 6 بجے سے 10 بجے تک متعلقہ محکمے کے سینکڑوں ملازمین ساحل سمندر کی صفائی کرتے ہیں تا کہ سیاحوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جب کہ ملک بھر میں 24 جون کو عام تعطیل ہوتی۔

وسیم رزاق پاکستان میں براڈ کاسٹ جرنلزم کا تجربہ رکھتے ہیں، وہ پاکستان کے صف اول کے ٹی وی چینلز کے ساتھ منسلک رہے، اب وسیم رزاق نیوز ڈپلومیسی ویب سائٹ، این ڈی ٹی وی اور میگزین کے اسپین میں اسٹیشن ہیڈ کے طو پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تحریر کے بارے میں اپنی آراء مندرجہ ذیل ای میل یا واٹس ایپ پر دے سکتے ہیں۔

E-Mail: wsmrzzq@gmail.com   ~  Whatsapp No:0034635306506

Comments are closed.