مذہب کی خاطر بالی ووڈ چھوڑنے والی زائرہ وسیم کا ایک اور تاریخی فیصلہ

ممبئی: مذہب کی خاطربالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنی آخری فلم سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔ زائرہ وسیم اپنی آخری فلم ’’دی اسکائی ازپنک‘‘  کی تشہیری مہم میں بھی شریک نہیں ہوگی۔

دو ورزقبل  بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم دنگل کی اسٹار 18 سالہ زائرہ وسیم نے بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کیاتھا ان کا موقف تھا کہ اس شوبز میں کام کرنے کی وجہ سے ان کا ایمان خطرے میں پڑرہا ہے اور وہ بہت خاموشی سے اپنے مذہب سے دور ہوتی جارہی ہیں لہٰذا وہ بالی ووڈ چھوڑرہی ہیں۔

زائرہ وسیم کے اس فیصلے پر لوگوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے تاہم زائرہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ زائرہ بالی ووڈ میں اب تک صرف دو فلموں ’’دنگل‘‘ اور’’سیکرٹ سپراسٹار‘‘ میں نظر آئی ہیں اور ان کی تیسری فلم ’’دی اسکائی ازپنک‘‘ اکتوبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس میں وہ اداکارہ پریانکا چوپڑا اورفرحان اختر کے ساتھ نظر آئیں گی۔

زائرہ وسیم کے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد ’’دی اسکائی از پنک‘‘ ان کی بالی ووڈ میں آخری فلم ہوگی تاہم انہوں نے اپنی آخری فلم کی تشہیری مہم میں حصہ لینے سے بھی انکار کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زائرہ نے فلم میکرز سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں فلم کی تشہیری سرگرمیوں سے باہررکھیں جو اگست کے آخر میں شروع ہورہی ہیں۔ واضح رہے کہ فلم میں زائرہ وسیم  پریانکا چوپڑا اورفرحان اخترکی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

Comments are closed.