کلبھوشن کیس بھرپور تیاری کے ساتھ لڑا، فیصلے سے متعلق گمان اچھا ہے، ڈاکٹر محمد فیصل

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی عدالت میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے خلاف کیس بھرپور تیاری کے ساتھ لڑا ہے۔ کیس جیتنے کے لیے ہماری کوشش اور فیصلے سے متعلق گمان اچھا ہے، 17 جولائی کو ہی اس کیس پر تبصرہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام آباد میں میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ بربریت جاری ہے، قابض افواج کے ہاتھوں گزشتہ روز مزید ایک کشمیری کو شہید کردیا گیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی دوسری رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مفصل ثبوت ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرائے اور بھارت کو نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے سے روکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جولائی کو امریکا کا دورہ کریں گے، واشنگٹن میں قیام سے متعلق وزیراعظم خود بیان دے چکے ہیں، جب کہ اس دورہ کے حوالے سے تمام تفصیل دی جاچکی ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کرتار پور راہداری پر 14 جولائی کو مذاکرات ہوں گے، پاکستان نے 80 فیصد کام مکمل کرلیا، بھارت نے کتنا کیا ابھی نہیں معلوم، اس حوالے سے ہونے والے معاہدے کی تفصیل ابھی سامنے نہیں لائی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ سزائے موت یافتہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ 17 جولائی کو آئے گا، ہم نے تیاری اچھی کی اور اچھا کیس لڑا، گمان اور کوشش اچھی ہے، 17 جولائی کو ہی اس کیس پر تبصرہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دوحا میں افغان امن کے لیے مذاکرات جاری ہیں، اس حوالے سے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کے حوالے سے مکمل عمل درآمد کررہا ہے، کسی شمالی کوریا کے شہری کو پاکستانی ویزہ جاری نہیں کیا گیا۔

Comments are closed.