تارکین وطن متحد ہو کر انتشار پھیلانے والوں کو ناکام بنا سکتے ہیں، شاہ محمود قریشی

لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپ کے اندر کچھ لوگ پشتون برادری میں مخصوص سوچ اجاگر کررہے ہیں لیکن اگر سمندر پار پاکستانیز متحد ہوجائیں تو انتشار پھیلانے کی خواہش مند قوتیں ناکام ہوجائیں گی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں متحدہ پشتون سوسائٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی برادری سے خطاب کیا۔ تقریب میں پشتون شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وزیر خارجہ کو روایتی پشتون پگڑی بھی پہنائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں میں سے پندرہ لاکھ صرف برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی آپ کا جمہوری حق ہے، جس کا احترام کرتے ہیں، یہ پندرہ لاکھ ایک آواز بن جائیں تو انتشار پھیلانے کی خواہش مند قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ میں کچھ لوگ مخصوص سوچ کو اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یورپی یونین میں بھی ایک خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش جارہی ہے، یہ کون کررہا ہے، ان کے مقاصد کیا ہیں اور یہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟، ان سوالات کی تہہ تک جانا ہوگا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان میں قائد اعظم کی قیادت میں پختونوں، بلوچوں، سندھیوں، پنجابیوں کے ساتھ ساتھ بنگالیوں نے بھی بہت بڑا حصہ ڈالا، پاکستان کو نیچا دکھانے کی خواہش رکھنے والی قوتوں نے وہاں انتشار کے بیج بوئے اور نفرت کو ہوا دی۔

قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے لندن میں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، صنعت، متبادل توانائی (سولر), ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ معاشی سفارتکاری کے ذریعے برطانیہ سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری کمپنیوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں اور ہماری حکومت کی مثبت پالیسیوں سے مستفید ہوں۔

برطانوی سرمایہ کاروں کے وفد نے برطانیہ آمد پر وزیرخارجہ کو خوش آمدید کہا اور خصوصی ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.