صادق آباد میں ٹرین حادثہ: 21 افراد جاں بحق اور 100 زخمی

لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں ولہار اسٹیشن پر اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں جس کی نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 100زخمی ہوگئے۔

حادثے میں 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ مزید10افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دوران علاج چل بسے۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس صادق آباد کے مطابق لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ امدادی کارکنوں کے مطابق حادثے میں 3 سے 4 بوگیاں الٹ گئیں اور 6 سے 7 بوگیاں شدید متاثرہوئیں جبکہ اکبر ایکسپریس کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان جمیل احمد کا کہنا ہے کہ ٹرین کے ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی جارہی ہے اور مسافروں کو کھانا اور پانی بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘مسافروں کو بسوں کے ذریعے منزل مقصود پر پہنچایا جائے گا’۔ انہوں نے واقعے میں 21 افراد کے جاں بحق ہونے اور 100 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

دوسری جانب ڈی پی او رحیم یار خان عمر سلامت کا کہنا تھا کہ حادثہ سگنل تبدیل نہ کرنے کے باعث پیش آیا، مسافر ٹرین کے لوپ لائن پر آنے کی وجہ بظاہر نظر نہیں آرہی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے افراد کو قریبی ٹی ایچ کیو ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔ انہوں نے عوام سے خون کے عطیات دینے کے لیے فوری طور پر دونوں ہسپتالوں میں پہنچنے کی اپیل بھی کی۔

حادثے کی معلومات کیلئے سیل قائم

پاکستان ریلوے نے اکبر ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں ہونے والوں کے لواحقین کے لیے سکھر ڈویژن میں انفارمیشن سیل قائم کردیا۔ ریلوے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لواحقین معلومات حاصل کر نے کے لیے 0719310087 اور 03333993999 ان نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

حادثے کی تحقیقات کا اعلان

وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ بظاہر انسانی غفلت کا نتیجہ لگتا ہے، غفلت برتنےوالوں کومعاف نہیں کیا جائے گا۔ واقعے پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر ریلوے کی جانب سے حادثے میں جاں بحق لواحقین کے لیے 15،15 لاکھ روپے اور زخمی ہونے والوں کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم کا اظہار افسوس

وزیراعظم عمران خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صادق آباد ٹرین حادثہ نہایت افسوسناک ہے، لواحقین کے غم میں برابر کا شریک اور زخمیوں کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعاگو ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے کو ریلوے انفرااسٹرکچر سے برتی جانے والی دہائیوں پر محیط غفلت کے فوری ازالے اور سیکیورٹی کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور رحیم یار خان انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

Comments are closed.