مشترکہ مزاحمتی قیادت کا یوم شہداء پر وادی بھر میں شٹرڈاؤن احتجاج کا اعلان

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی تحریک کی قیادت نے ہفتہ تیرہ جولائی کو یوم شہداء کے موقع پر وادی بھر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کی کال دی ہے۔ مشترکہ مزاحمتی تحریک نے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے فوری اور پرامن حل کا مطالبہ کیا ہے۔

مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تیرہ جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جامعہ مسجد سری نگر سے قبرستانِ شہداء نقشبند صاحب تک مارچ کیا جائے گا جس کی قیادت میر واعظ عمر فاروق کریں گے۔

دوسری جانب جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے پابند سلاسل پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی فوری رہائی کے لئے دنیا بھر میں تحریک چلانے کا فیصلہ کیاہے۔

جے کے ایل ایف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یاسین ملک کو خلاف قانون قید کیا گیا ہے جب کہ ان کی جماعت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بھارت کے ان اقدامات کے خلاف پوری دنیا میں تحریک چلا کر جے کے ایل ایف کے چیئرمین کی رہائی اور پارٹی پر پابندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

Comments are closed.