حکمرانوں کی سوچ ‘مار دیں گے، گرا دیں گے، بند کر دیں گے’سے آگے نہیں جاتی، شہباز شریف

اسلام آباد: تاجروں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کا پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنے کا دیرینہ خواب آخر پورا ہوگیا، حکمرانوں کی سوچ ‘مار دیں گے، گرا دیں گے، بند کر دیںگے’ سے آگے نہیں جاتی۔

صدر (ن) لیگ اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر کے تاجروں اور غریب عوام کے ساتھ ہیں، ملک پر مسلط مینڈیٹ چورحکمرانوں نے ملک وقوم کو آئی ایم ایف کو بیچ دیا،

اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کا پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنے کا دیرینہ خواب آخر پورا ہوگیا، حکمرانوں کی سوچ ‘مار دیں گے، گرا دیں گے، بند کر دیںگے’ سے آگے نہیں جاتی، بے گناہ اور مظلوم سیاسی قیدی نواز شریف کے ساتھ ظلم کا نتیجہ قوم بھگت رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے قوم کو مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بدامنی سے نجات دلائی، ملک کو بجلی،سڑک، روزگار، وقار اور امن و امان دیا، مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان 5.8 فیصد شرح سے ترقی کررہا تھا، دشمنوں کو تکلیف ہوئی کہ نوازشریف پاکستان کو ترقی کیوں دے رہا ہے؟ مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ 47 سال میں مہنگائی کی شرح 3 فیصد پر کیسے آگئی؟ ریونیو میں اضافہ کیسے ہو گیا؟

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے کیسے جان چھڑا لی؟ مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ چین نے پاکستان میں 60 ارب کی سرمایہ کاری کیوں کی؟ بے گُناہ  نوازشریف کے ساتھ روا ظلم ختم کرنا ہوگا، پاکستان اور اس کے عوام کے مفادات کا تحفظ نواز شریف کرسکتا ہے۔قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، نواز شریف کو رہا کیا جائے۔

Comments are closed.