فیصلہ واپس ہوا تو نوازشریف کو دوسرے کیس میں سزا ہوجائے گی، شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلہ واپس ہوا تو دوسرے کیس میں سزا ہوجائے گی۔ مریم نواز ویڈیو کیس میں پورس کی ہتھنی ثابت ہو گی، یہ سارے پھنس گئےہیں، یہ منی ٹریل نہیں دکھا سکتے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں بعض لوگ کہتے ہیں کام حرام ہے، ریلوے کا کوئی افسر سکھر نہیں جانا چاہتا، ولہار اسٹیشن کے قریب افسوس ناک حادثہ ہوا۔ گزشتہ کچھ عرصے میں 3 افسوسناک ٹرین حادثات ہوئے، ٹرین حادثے میں 24 ہلاکتیں ہوئیں، ایک ماہ کے اندر حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف فیصلہ کریں گے، ریلوے لوکوموٹیو کے اندر کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عقلمند دشمن بیوقوف دوست سے بہتر ہوتا ہے، کلاشنکوف کیس میں میرے ساتھ کوئی کھڑا نہیں ہوا، اب بھی ملک میں عظیم جج موجود ہیں، اب ویڈیو کی سیاست ختم ہوچکی ہے، جج کی مبینہ ویڈیو مسلم لیگ (ن) کے گلے پڑ جائے گی، مریم نواز نے (ن) لیگ کو تباہ کردیا ہے، مریم نواز ویڈیو کیس میں پورس کی ہتھنی ثابت ہو گی، یہ سارے پھنس گئےہیں، یہ منی ٹریل نہیں دکھا سکتے، ناصرجنجوعہ کبھی ان کے حق میں گواہی نہیں دیں گے۔ اگر فیصلہ واپس ہوا تو دوسرے کیس میں سزا ہوجائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی 2 گروپ ہیں، ایک ڈیل والا اور دوسرا جوڈو کراٹے والا، شہباز شریف کوحمزہ عزیز ہے اور مریم کو نواز شریف عزیز ہے، چور مچائے شور کی فلم 90 دن میں اپنے انجام کو پہنچ جائے گی، شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، شہباز شریف اور میری پارٹی ایک ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ٹرمپ سے ملنے جارہے ہیں، اللہ خیر کرے کیونکہ دونوں کا مزاج ایک جیسا ہے، کس حکومت کو شوق ہے کہ تاجروں کو ناراض کرے۔

Comments are closed.