فرانس پاکستان کو آسان شرائط پر5 کروڑ یوروز قرض فراہم کرے گا

اسلام آباد: فرانس کی جانب سے پاکستان کو نرم شرائط پر 5 کروڑ یورو قرض جب کہ 2 لاکھ یورو گرانٹ فراہم کی جائے گی۔جو چترال اور درگئی ہائیڈرو پاور پلانٹس کی بحالی کے لئے فراہم کی جائے گی۔

فرانسیسی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قرض و گرانٹ کی فراہمی کیلئے پاکستان اور فرانس کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، فرانسیسی ترقیاتی ادارے کے کنٹری ڈائریکٹر اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے معاہدے پر دستخط کئے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فرانس نرم شرائط پر پاکستان کو 5 کروڑ یورو کا قرض فراہم کرے گا، 2 لاکھ یورو کی گرانٹ بھی دی جائے گی۔ قرض اور گرانٹ کی رقم چترال اور درگئی ھائیڈرو پاور پلانٹس کی بحالی کے لئے فراہم کی جائے گی۔

دونوں پاور پلانٹس کو جدید بنیادوں پر بحال کیا جائے گا، درگئی ہائیڈرو پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 20 سے بڑھ کر 22 میگاواٹ ہو جائے گی، چترال ہائیڈروپاور پلانٹ کی صلاحیت ایک سے بڑھ کر5 میگاواٹ ہوجائے گی۔

Comments are closed.