آئین پاکستان اقلیتوں کو مساوی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے، صدرمملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  اقلیتیں کسی بھی معاشرے  کی تعمیر و ترقی میں اسکا اہم ترین حصہ ہوتی ہیں، معاشرتی ستون کی حیثیت سے آئین پاکستان اقلیتوں کو مساوی حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔

صدرڈاکٹر عارف علوی نے اقلیتوں کے قومی دن  کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک اس قوم کی صفوں میں اتحاد نہ ہو۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کے تعصب کا شکار ہوئے بغیر معاشرے میں بھائی چارے اور روادری کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ہمیشہ اقلیتوں کے مساوی حقوق پر زور دیا کیونکہ انہیں قیام پاکستان کے لئے غیر مسلموں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کا ادراک تھا۔

 اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم کی کابینہ سے لے کرآج تک اقلیتی برادری سیاست، تعلیم، صحت، ملکی دفاع، عدلیہ، سائنس اور فنون لطیفہ سمیت مختلف شعبوں میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے،ہم ان کے جذبے اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ہم آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم سب ہر قسم کے تعصب سے آزاد ہو کر معاشرے میں برداشت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے تاکہ ہمارا ملک مزید ترقی کر سکے۔

Comments are closed.