ملک بھر میں مون سون بارشوں سے 161 اموات، 137 افراد زخمی

اسلام آباد: ملک بھر میں ہونے والی مون سون بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 161  ہوگئی جبکہ 137 زخمی ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی پاکستان کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں 54 بچے، 35 خواتین اور 72 مرد شامل ہیں، جبکہ 320 مکانات، 53 دکانوں، 4 مساجد، 14 پل، 3 پاور ہاؤسز اور 34 سڑکوں کو نقصان پہنچا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث سب سے زیادہ نقصان خیبرپختونخواہ میں ہوا جہاں 56 افراد جاں بحق، 57 زخمی ہوئے جبکہ 88مکانات،ایک مسجد،3 پل،2دکانیں،3 بجلی گھر اور1 رابطہ سڑک کو نقصان پہنچا۔

شدید بارشوں کے باعث آزاد کشمیر میں 35 افراد لقمہ اجل بن گئے،13 زخمی ہوئے جبکہ 101 مکانات، 43دکانیں،3 مساجد اور1 رابطہ سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔

رواں مون سون سیزن کے دوران پنجاب میں 27 افراد کی جانیں گئیں، 36 افراد زخمی ہوئے جبکہ 33 مکانات کو نقصان پہنچا۔ سندھ میں 23 افراد موت کا شکار اور 12 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 33 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

بلوچستان میں12 افراد جاں بحق اور 10 زخمی، گلگت بلتستان میں 6 افراد جاں بحق اور 9 زخمی جبکہ اسلام آباد میں بھی 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

Comments are closed.