مظلوم کشمیریوں کیلئے آخری دم تک لڑیں گے،جنگ کیلئے بھی تیار ہیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد:  پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے بھرپور سفارتی جنگ لڑنا ہوگی۔ مظلوم کشمیریوں کیلئے آخری دم تک لڑیں گے، اس مقصد کیلئے جنگ بھی لڑنا پڑی تو تیار ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں کشمیریوں کی حمایت کیلئےعملی اقدامات کرنے ہوں گے لیکن حکومت کی طرف سے صرف ٹویٹ پہ ٹویٹ کیے جا رہے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں، اس سے قبل ہمیں کشمیریوں کے جذبات اور دکھ درد میں شامل ہونا ہو گا، کشمیریوں کیلئے بھرپور سفارتی جنگ لڑنی ہوگی، کشمیریوں کیلئے آخری دم تک لڑیں گے، ہم کشمیریوں کے حق کی خاطر جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔

چئیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل کر مودی کو بے نقاب کرنا چاہئے، انتہا پسند مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ کشمیریوں کیخلاف بھارتی کارروائیاں روکنے کیلئے دنیا کو واضح اور ٹھوس پیغام دینا ہو گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے میں قومی یکجہتی کو ختم کرے، حکومت نہیں چاہتی قومی سطح پر دنیا کو ایک پیغام جائے، حکومت ایسے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے جس نے نا اتفاقی ہو رہی ہے، سینیٹ میں سیاسی جماعتوں کو لڑوانے کے لیے پروپیگنڈا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو عید کی نماز تک پڑنے نہیں دی گئی، فریال تالپور کو آدھی رات کو اسپتال سے جیل منتقل کیا گیا ، یہ سمجھتے ہیں کہ ایسے کام کرکے ہمیں توڑ سکتے ہیں، یہ ظلم ہم 3 نسلوں سے دیکھ رہے ہیں، ہم ظلم برداشت کرتے رہیں گے لیکن جدوجہد نہیں چھوڑیں گے، حکومتی اقدامات کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا سوچ رہے ہیں، حکومت کا قانونی طریقے سے احتساب کریں گے۔

کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کی صورت حال سے متعلق 2 دن سے پروپیگنڈا ہورہا ہے، کراچی میں 2 دن میں تاریخ میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، جب لاہور بارش سے ڈوبتا ہے تو کوئی انتظامیہ پر تنقید کیوں نہیں کرتا، وزیر اعلیٰ اور سندھ کابینہ نے 2 دن سڑکوں پر گزارے، انتظامیہ نے اپنی عید قربان کردی، جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

Comments are closed.