کوئٹہ کے علاقے کچلاک کی مسجد میں بم دھماکہ،5 افراد شہید، 12 زخمی

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کی مسجد و مدرسہ میں بم دھماکہ کے نتیجے میں امام مسجد سمیت 5 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے میڈیا کے نمائندوں بتایا کہ کچلاک کے علاقے کلی وزیرآباد کی جامع مسجد قاسم میں نماز جمعہ کے دوران بم دھماکا ہوا ہے جس میں امام سمیت 5 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔ امام مسجد کے منبر کے نیچے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا گیا تھا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جب کہ امدادی اداروں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے دوران مسجد میں 200 سے زائد افراد موجود تھے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث شہید افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ملک کی مذہبی و سیاسی شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید افراد کے اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Comments are closed.