انٹربینک میں ڈالرکی قدر میں تیزی، سونا مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندی

کراچی: ملک بھر میں عید کی چھٹیوں کے بعد پہلے کاروباری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں تیزی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت میں گراوٹ دیکھی گئی۔ سونا مہنگا اور اسٹاک مارکیٹ میں غیریقینی صورتحال کے باعث مندی رہی۔

ملک بھر میں عید کی چار چھٹیوں کے بعد جمعہ کو پہلے کاروباری روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 51 پیسے کی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث مارکیٹ میں امریکی کرنسی 158 روپے 95 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ جب کہ انٹر بینک کے خلاف اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں کمی ہوئی، کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہونے کے بعد 159 روپے 40 پیسے پر بند ہوا۔

دریں اثناء مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 100 روپے کے اضافے کے ساتھ 88 ہزار 400 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق سونے کی عالمی منڈی میں قیمتیں مستحکم ہونے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 100 روپے اور 86 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1514 ڈالر پر برقرار ہے تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت نے اونچی اڑان بھرتے ہوئے تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 88 ہزار 400 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 75 ہزار 789 روپے ہوگئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1110 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 951 روپے 64 پیسے پر مستحکم رہی۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، عید کی تعطیلات کے بعد حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں بڑی مندی دیکھی گئی۔ مندی کے باعث کاروباری روز کے دوران 2.5 فیصد مندی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں عید کی چھٹیوں کے بعد کاروباری ہفتے کا پہلا روز حصص مارکیٹ کے لیے ڈراؤنہ خواب ثابت ہوا۔ کاروبار کے دوران بڑی مندی کے باعث 29 ہزار کی نفسیاتی حد بھی گر گئی۔ سرمایہ کاروں کو مندی کے ڈیرے ڈالنے کے باعث کاروباری روز میں 2.31 فیصد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

Comments are closed.