بھارت کی کارروائیوں نے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن کر دی، ایمنسٹی انٹرنیشنل

لندن: انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہاہے کہ  مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کی کارروائیوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی بحران میں جموں وکشمیر کے عوام کو مہرے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے اور عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق دلوانے کیلئے اقدامات کرے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی کارروائیوں کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے برسوں سے انہیں اذیت اور تکلیف کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

کومی نائیڈو نے کشمیری عوام کی گرفتاریوں اور حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے بھارت پر انسانی حقوق کے قانون کا احترام کرنے کے لیے زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کا تحفظ کرنا سلامتی کونسل کے ارکان کی ذمہ داری ہے، انہیں چاہیے کہ شورش زدہ علاقے میں شہریوں کے انسانی حقوق کو اولین ترجیح دیں۔

Comments are closed.