کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر کے الیکٹرک کیخلاف تحقیقات شروع

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بارشوں کے دوران ہلاکتوں پر کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔

کراچی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کرنٹ سے ہونے والی ہلاکتوں پر نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا اور سینئر افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

تحقیقاتی ٹیم کو 15 روز میں کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ٹیم کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کی وجوہات معلوم کرے گی۔ تحقیقات کی روشنی میں کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران کراچی کے کئی علاقے بجلی سے محروم رہے اور اس دوران متعدد ہلاکتیں بھی ہوئیں، کے الیکٹرک نے نیپرا کے قوانین، ضوابط اور معیارات کی خلاف ورزی کی ہے جس کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

Comments are closed.