حماد اظہر کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات کیلئے بینکاک روانہ

اسلام آباد: پاکستان کی 20 رکنی ٹیم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ساتھ  مذاکرات کے لئے تھائی لینڈ کے شہر بینکاک روانہ ہوگئی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایف اے ٹی ایف کے ساتھ دو بدو مذاکرات کیلیے وفاقی وزیرحماد اظہر کی سربراہی میں ٹیم کے بینکاک جانے کی منظوری دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کریں گے جبکہ مذاکراتی ٹیم میں ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، نارکوٹکس سمیت حساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے درمیان مذاکرات 13 ستمبر تک جاری رہیں گے اوران مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے یا بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کا فیصلہ ہوگا۔

ذرائع بتایا ہے کہ توسیعی لسٹ سے نکلنے کے لئے ایشیاء پیسیفک گروپ کی جانب سے دیے جانے والے 125 سوالات کے جوابات بھی طلب کیے گئے ہیں اور ایف اے ٹی ایف ٹیم کے ساتھ مذاکرات میں پاکستانی حکام سے فیس ٹو فیس سوالات و جوابات بھی ہوں گے، مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے موقف اے پی جی کے ذریعے پیش ہوگا، پاکستان منی لاندرنگ و ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلیے 10اہم سوالات کے جوابات بھی دینا ہوں گے۔

پاکستان سے دہشتگردوں کی مالی معاونت میں ملوث عناصر کو سزائیں دینے سے متعلق تفصیلات مانگی گئی ہیں جب کہ ایسے مقدمات میں انویسٹی گیشن، پراسیکیوشن و کنوکشن کے حوالے سے خامیاں دور کرنے کے حوالے سے سوالات کے جوابات دینا ہوں گے اور ان مذاکرات کے نتیجے میں نومبر 2019 میں پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے یا گرے لسٹ سے نکالنے یابرقرار رکھنے سے متعلق ایف اے ٹی ایف کی جانب سے فیصلہ کیا جائے گا۔

Comments are closed.