کشمیرمیں مظالم رکوانے کیلئے بھارت پرتجارتی پابندیاں عائد کی جائیں، سردار مسعود

برسلز: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے کے لئے عالمی برادری بھارت کیخلاف تجارتی و اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔

یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیرگروپ کے زیر اہتمام کشمیرکے حوالے سے کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان نے خطاب کیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم کرانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لئے بھارت کے خلاف تجارتی اور اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔

صدر آزاد کشمیرکا کہنا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ  17 ستمبر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث کرے گی، مسئلہ کشمیر پر یورپین پارلیمنٹ میں بحث کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی امن کے خطرہ ہیں، بھارت کے خلاف تجارتی اور سفری پابندیاں عائد کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق کے ساتھ مشروط کیا جائے، بھارت پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیاراستعمال کرنے کی دھمکی دے رہا ہے، عالمی برادری بھارت کے خلاف ٹھوس سیاسی، سفارتی اقدامات کرے۔

Comments are closed.