صوبائی خودمختار پر آنچ نہیں آئے گی، سندھو دیش کی بات کرنے والے پٹ جائیں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں لینے سے متعلق خبروں پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا صوبائی خودمختاری پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں لینے سے متعلق فروغ نسیم کے بیان پر وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ وزیرقانون کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، انہوں نے آرٹیکل 149 کے بیان پر وضاحت بھی دی تھی تاہم بلاول کی سندھو دیش اور پختونستان کی بات مناسب نہیں، پختونخستان کی بات کرنے والے پٹ گئے سندھو دیش کی بات کرنے والے پٹ جائیں گے، بیرون ملک صوبائی تعصب کی لہر کا تاثر نہ دیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا، حکومت صوبائی خودمختاری پر آنچ آنے نہیں دے گی، سندھ اس ملک کی ایک اہم اکائی ہے، نہ سندھ حکومت میں کوئی چھیڑ چھاڑ کریں گے اور نہ ہی سندھ کے عوام کی حب الوطنی پر شک ہے، سب وفاق کا ساتھ دیں گے۔

مسئلہ کشمیر سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت آج منہ دکھانے کے قابل نہیں ہے، امریکی کانگریس کے چار اراکین نے ٹرمپ کو خط لکھا ہے،17 ستمبر کو یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کا مسئلہ اٹھایا جائے گا، آج ہندوستان جتنی دفاعی پوزیشن میں ہے اتنا ماضی قریب میں دکھائی نہیں دیا، ہندوستان کو ہر فورم پر سبکی اٹھانا پڑی، اللہ کے فضل سے اٹھاون ممالک نے پاکستان کے موقف کی توثیق کی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) نے گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کیے جانے پر سخت احتجاج اور واک آؤٹ کیا، اپوزیشن کے احتجاج پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈرز کا اجراء اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے، اگر اپوزیشن کو مسئلہ ہے تو عدالت سے رجوع کر لیں۔

Comments are closed.