کراچی میں کچرا، ٹوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، فلم اسٹار ندیم

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ اداکار ندیم بیگ کا کہنا ہے کہ کراچی اب پہلے والا نہیں رہا، ہر جگہ کچرے کے ڈھیر، ٹوٹی سڑکیں اور ابلتے گٹر دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔

کراچی میں ایک ایوارڈ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلم اسٹار مرزا ندیم بیگ نے کہا کہ کراچی پہلے کیا تھا اوراب کیا ہے، ایسی صورتحال میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے رہنے سے بہتر ہے کہ ان مسائل کو خود ٹھیک کریں اور اس کام کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا کیوں کہ کراچی ہمارا شہر اور ملک کی جان ہے۔

لیجنڈ اداکا کا کہنا تھا کہ وہ اسی شہر سے فلموں میں کام کرنے کے شوق میں اس وقت کے مشرقی پاکستان گیا تھا، اس وقت کا جو کراچی ان کے ذہن میں محفوظ ہے، وہ آج کے کراچی سے یکسر مختلف ہے، شہر بڑھ گیا ہے اور آبادی کے اعتبار سے پھیل گیا ہے۔

ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ شہر میں گٹر کھلے ہوئے اور مسائل کا انبار ہے تاہم انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اللہ کی مدد شامل حال رہے گی اور کراچی دوبارہ سے بدلے گا۔

Comments are closed.