پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ

کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ تیز بارش اور گراؤنڈ میں پانی کھڑا ہونے کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا، میچ کے لئے ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم کراچی میں تیز بارش اور گراؤنڈ میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے پہلا ایک روزہ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس کے سبب نیشنل اسٹیڈیم میں بہت زیادہ پانی جمع ہوگیا تھا اور گراؤنڈ عملہ یہ پانی نکالنے میں ناکام رہا۔ پہلے کہا جارہا تھا کہ میچ 20 اوورز تک محدود کردیا جائے گا۔

دوسری جانب میچ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور تھے۔ ون ڈے سیریز کے باقی دو میچز اتوار اور بدھ کو شیڈول ہیں۔

رات گئے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ گزشتہ روز دوپہر کو بھی ابررحمت کی وجہ سے قومی ٹیم کی پریکٹس کچھ دیر کیلیے روکنا پڑی تھی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں 10 برس بعد ون ڈے کرکٹ کی واپسی ہونے جارہی ہے، سری لنکن ٹیم اس بار بھی شہر قائد کے سونے میدان آباد کرنے میں پاکستان کی مدد میں پیش پیش ہے۔

لاہور میں2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے، تاہم اس کے بعد پی سی بی کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی بتدریج ممکن ہوئی۔

2018 میں کراچی میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل شاندار انداز میں منعقد کیاگیا، جس میں کئی نامور انٹرنیشنل اسٹارز نے شرکت کی تھی، جس کے ذریعے 9 برس بعد اس میدان میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی واپسی ممکن ہوئی۔

Comments are closed.