پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کی سمری مسترد، قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری مسترد کرتے ہوئے موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی تھی، تاہم وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ستمبر کے وسط میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے رجحان کی وجہ سے قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

قبل ازیں اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی گئی سمری میں آئندہ ماہ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی گئی تھی۔

اوگرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں پیٹرول 2 روپے 55 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 23 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل 2 روپے 41 پیسے سستا کرنے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

Comments are closed.