بھارت کےجنگی عزائم کا پردہ فاش، بھارتی آرمی چیف کی سرحد عبور کرنے کی دھمکی

نئی دہلی: بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے خود ہی مودی سرکار کے جنگی عزائم کا پردہ فاش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پیش آنے پر لائن آف کنٹرول کو عبور کر کے سرحد کے اُس پار داخل ہوسکتے ہیں۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں انڈین آرمی چیف نے جارحیت پسندی اور جنگی عزائم کا کھل کر اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب آنکھ مچولی کا کھیل نہیں چلنے دیں گے،ایل او سی کو پار بھی کرنا پڑ جائے تو گریز نہیں کریں گے چاہے زمینی راستہ اختیار کرنا پڑے یا فضائی کارروائی کرنی ہو یا ایک ساتھ ہی دونوں آپشنز کا استعمال کرنا پڑے۔

فوج کے سربراہ بپن راوت نے ایک مرتبہ پھر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2016 میں سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعے اپنا پیغام پڑوسی ملک تک واضح طور پر پہنچایا تھا کہ کسی صورت مداخلت کسی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بھارتی آرمی چیف نے اپنے انٹرویو میں پاکستان پر بلاجواز اور بغیر کسی ثبوت کے نوجوانوں کو سرحد پار کرانے کا الزام بھی عائد کیا اور دوسرے ہی لمحے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر پلواما سمیت دیگر حملوں میں مقامی نوجوانوں کے ملوث ہونے کی تصدیق بھی کی۔

Comments are closed.