کشمیر کاز کی خاطر آزادی مارچ کیلئے دی گئی 27 اکتوبر کی تاریخ پر نظرثانی کی جائے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ  کشمیر کاز کی خاطر مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے لیے 27 اکتوبر کی تاریخ پر نظرثانی کریں۔

شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان نے مارچ کا اعلان کیا ہے اور 27 اکتوبر کو ہی بھارت نے مقبوضہ کشمیر پرقبضہ کیا تھا، یہ دن کشمیریوں سے منسوب ہے، اس روز دھرنے سے پاکستان اورکشمیر کے کاز کو نقصان پہنچے گا، لہٰذا مولانا 27 اکتوبر کی تاریخ پر نظرثانی کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں،27 اکتوبر کو کشمیرکے علاوہ کوئی بات ہوتی ہے تو بھارت اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرے گا، مولانا فضل الرحمان احتجاج کریں لیکن اسے کشمیر کے ساتھ نہ جوڑیں۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف 27 اکتوبر کو آزادی مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Comments are closed.