حالات اس قدر بگڑ چکے ہیں حکومت کسی کو بھی ملے سنبھال نہیں پائے گا، چوہدری نثار

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ صرف کپتان کے اہل ہونے سے ٹیمیں جیتا کرتی ہیں ناں ہی حکومتیں لولی پاپ اور نعروں پر چلتی ہیں، موجودہ حالات میں کوئی بھی حکومت نہیں سنبھال پائے گا۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ تحریک انصاف معاشی پالسیوں میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے، ان پالسیوں کا بوجھ پاکستان کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ حکومتیں صرف لولی پاپ اور نعروں پر نہیں چلتیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ صرف کپتان کے اہل ہونے سے ٹیمیں نہیں جیتا کرتیں، اچھے کھلاڑی بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حالات آج اس حد تک بگڑ چکے ہیں کہ حکومت کسی کو بھی مل جائے، وہ سنبھال نہیں پائے گا۔

چوہدری نثار نے  کہا کہ خاموشی ہزار نعمت ہے، دلیل کی جب کوئی وقعت نہ ہو تو خاموشی بہتر ہے۔ آج قومی سیاست میں ایک طوفان بدتمیزی برپا ہے۔ جو شخص اپنے اصولوں پر قائم نہیں، وہ سیاست دان نہیں کہلاتا۔ چاہے فائدہ ہو یا نقصان، میں اپنے بیانیے پر قائم ہوں۔ یہ حکومت لوکل باڈیز الیکشن نہیں کروائے گی۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مودی سے خیر کی توقع نہ رکھی جائے۔ جنہوں نے مودی سے خیر کی توقع رکھی، آج عوام ان سے جواب لیں۔ مودی کا ایجنڈا اسلام دشمنی پر مبنی ہے۔ کوئی اسلام دشمن کیسے پاکستان سے دوستی بڑھا سکتا ہے؟

Comments are closed.