پاکستان کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، بھارتی ٹیم بھی مہمان بننے کے لیے آمادہ

اسلام آباد: کھیلوں کے شائقین کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی، ورلڈ‌ کپ سرکل اسٹائل 12 سے 18 جنوری تک پاکستان میں‌ کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم نے بھی شرکت کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

پاکستان کو کبڈی ورلڈ‌ کپ جیسے بڑے ایونٹ کی میزبانی مل گئی ہے جس کے میچز لاہور، فیصل آباد، ننکانہ صاحب اور کرتارپور میں‌ کھیلے جائیں‌ گے، ٹورنامنٹ میں‌ شرکت کے لیے 9 ٹیمیں‌ کوالیفائی کرچکی ہیں، بھارتی ٹیم نے بھی ایونٹ میں شرکت کی زبانی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان اور آذربائیجان کی خواتین کبڈی ٹیموں‌ کے درمیان نمائشی میچ کھیلاجائے گا جبکہ ایک ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے ورلڈ‌ کپ میں‌ شامل ہوگی۔ ٹورنامنٹ میں‌ پاکستان سمیت بھارت، ایران، کینیڈا اور انگلینڈ‌ کی ٹیمیں‌ شامل ہوں‌ گی، آسٹریلیا، سپر الیون، امریکا اور کینیا کی ٹیمیں‌ بھی ورلڈ کپ کھیلیں‌ گی۔

صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ 8 ٹیموں‌ نے تحریری طور پر کبڈی ورلڈ کپ میں‌ شرکت کی تصدیق کردی ہے، شافع حسین کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم نے شرکت کی زبانی یقین دہانی کرائی ہے، امید ہے رواں‌ ماہ بھارتی ٹیم بھی تحریری تصدیق کردے گی.

واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ‌ کپ کی فاتح‌ ٹیم کو ایک کروڑ روپے، رنر اپ 75 لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

Comments are closed.