عمران خان ریاست مدینہ کے نام پر سیاست کرنا بند کریں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے نام پر سیاست کرنا بند کریں۔ جھوٹا، وعدہ خلافی پر فخر کرنے اور امانت میں خیانت کرنے والے کبھی مدینہ کی ریاست نہیں بنا سکتے۔

وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل میں لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت میں این آر او کے ذریعے آنے والے عمران خان کو این آر او کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے، عمران خان سیرت النبیﷺ کے دن تو جھوٹ بولنے کا ناغہ کر لیتے جنہیں چور اور ڈاکو کہتے ہیں ایک سال میں تمام سرکاری ریکارڈ ہونے کے باوجود عوام کی امانت میں خیانت کا الزام تک نہ لگا سکے، عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں غریب کی روٹی ، کاروبار اور روزگار بند کر کے اپنے دوستوں کو نوازا نہیں جاتا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے غریبوں کا علاج اور دوائیاں بند کر کے ہسپتالوں کی نجکاری کر دی، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے بجلی اور گیس کے بلوں پہ ڈاکہ ڈال کر اپنوں اور امیروں کے اربوں کے ٹیکس معاف کئے۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے حج پہ سبسڈی بند کر کے اپنے دوستوں اور عزیزوں کو این آر او سے نوازا، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والے پشاور کے ایک ارب کے کھڈے کھودنے والوں کو چوراہے پہ پھانسی لگائیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے بے گناہ سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں قید کر رکھا ہے۔

Comments are closed.